ویب ڈیسک
|
4 مہینے پہلے
سندھ حکومت بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ صوبوں کی مدد کیلئے تیار ہے: شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو 2010 سے لے کر اب تک کئی بار سیلاب اور طوفانی بارشوں کا سامنا رہا ہے، ہم اس شعبے میں مکمل تجربہ رکھتے ہیں اور دوسرے صوبے مدد مانگیں تو ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں انتظامیہ الرٹ اور مشینری دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کے دورہ سندھ کے دوران مکمل تعاون اور ہم آہنگی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
بلوچستان واقعے پر ردعمل
بلوچستان میں بے گناہ افراد کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو سخت سزا دی جانی چاہیے۔ پیپلز پارٹی ایسے واقعات کی شدید مذمت کرتی ہے۔
معاشی اقدامات اور ریڈ ٹیپ ازم کا خاتمہ
صوبائی وزیر نے بتایا کہ کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کے لیے "آن لائن ون ونڈو آپریشن” کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو آسانیاں اور سہولیات دی جا سکیں۔
عمارتوں کی خطرناک صورتحال اور کارروائیاں
شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں گرنے والی عمارت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 61 میں سے 59 خطرناک عمارتیں خالی کروائی جا چکی ہیں۔ غیر قانونی تعمیرات پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے اور متاثرہ کرایہ داروں کو چھ ماہ کا کرایہ حکومت ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار سرکاری افسران کے خلاف غیر قانونی تعمیرات پر کارروائی کی گئی ہے۔ نقشے کے بغیر تعمیرات پر سروے جاری ہے اور بلڈرز کے خلاف قانونی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔












