چینی کی قیمتوں میں اضافہ

کراچی: شہرِ قائد میں چینی کی قیمتوں میں اچانک اضافے پر شہری پریشان، انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ کمشنر کراچی نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے نئی ہول سیل اور ریٹیل قیمتیں مقرر کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق چینی کی سرکاری قیمت میں 10 روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ چند روز سے مارکیٹوں اور سپر اسٹورز پر چینی 180 سے 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی تھی، جس پر شہریوں کی جانب سے شدید ردِ عمل سامنے آیا۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب چینی کی ہول سیل قیمت 170 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں پر فوری عملدرآمد کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 15 اپریل 2025 کو جاری کیے گئے سابقہ نوٹیفکیشن میں چینی کی ہول سیل قیمت 160 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 163 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔ اس حساب سے محض تین ماہ کے دوران سرکاری سطح پر چینی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ ہو چکا ہے۔
کمشنر کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ نئی قیمتوں پر سختی سے عمل کرایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہری مہنگی چینی فروخت کرنے والوں کی شکایت متعلقہ کنٹرول روم یا ضلعی انتظامیہ کو رپورٹ کریں۔
دوسری جانب، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمت میں بار بار اضافہ مہنگائی کی لہر کو مزید تیز کر رہا ہے، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔












