ترکیہ نے میزائل سے لیس جدید روبوٹک کتا ‘کوز’ متعارف کروا دیا

ترکیہ نے ایک جدید روبوٹک کتا ’’کوز‘‘ متعارف کرایا ہے، جو لیزر گائیڈڈ منی میزائلوں سے لیس ہے۔ یہ روبوٹ ترک دفاعی کمپنی روکیٹسان نے تیار کیا ہے۔ ’’کوز‘‘ کو نہ صرف ریموٹ کنٹرول سے چلایا جا سکتا ہے بلکہ یہ خودکار انداز میں بھی کام کر سکتا ہے۔
یہ دنیا کا پہلا روبوٹک کتا ہے جو گائیڈڈ میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کوز میں راکٹسان کے بنائے گئے چار عدد منی میزائل نصب ہیں۔ اس میں ایک جدید الیکٹرو آپٹیکل نظام بھی موجود ہے، جو اسے جاسوسی اور حملہ دونوں مشنز میں مؤثر بناتا ہے۔
کوز کو خاص طور پر دشوار گزار اور ناہموار علاقوں میں استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ روبوٹ خودکار اور ریموٹ موڈ کے درمیان آسانی سے تبدیل ہو سکتا ہے۔ اس کی جدید ساخت اور ہتھیاروں کی تنصیب نے اسے جنگی میدان میں ایک نئی پیش رفت بنا دیا ہے۔
یہ روبوٹ دشمن کے علاقوں میں بغیر کسی فوجی کو خطرے میں ڈالے مؤثر کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے ذریعے غاروں، عمارتوں اور شہری علاقوں جیسے خطرناک مقامات کو صاف کیا جا سکتا ہے۔ ’’کوز‘‘ ٹیکنالوجی اور حکمت عملی دونوں کے لحاظ سے ایک انقلابی ایجاد ہے۔
استنبول کی توپ کاپی یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ریٹائرڈ ایڈمرل جہات یائجی نے اسے ’’گیم چینجر‘‘ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کا مقصد خطرناک کاموں میں انسانوں کی جگہ لینا ہے تاکہ انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
’’کوز‘‘ جدید جنگی ٹیکنالوجی میں ایک اہم قدم ہے جو مستقبل کے میدانِ جنگ کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس روبوٹ کی بدولت بغیر پائلٹ کے خطرناک مشنز مکمل کیے جا سکیں گے، جو دفاعی حکمت عملی میں انقلابی تبدیلی کی علامت ہے۔












