10:38 , 23 اپریل 2026
Watch Live

اطالوی ڈیزائنر ویلینٹینو گاراوانی 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

اطالوی فیشن انڈسٹری کے عظیم اور عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنر ویلینٹینو گاراوانی 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس سے فیشن کی دنیا ایک بڑے تخلیقی نام سے محروم ہو گئی ہے۔

ویلینٹینو فاؤنڈیشن نے پیر کے روز انسٹاگرام پر جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ بیان کے مطابق ویلینٹینو نے روم میں اپنی رہائش گاہ پر اپنے قریبی عزیزوں کی موجودگی میں آخری سانس لی۔

ویلینٹینو گاراوانی کو دنیا بھر میں صرف ان کے پہلے نام ’’ویلینٹینو‘‘ سے پہچانا جاتا تھا۔ وہ اس سنہری فیشن دور سے تعلق رکھتے تھے جس نے فیشن کو محض لباس نہیں بلکہ ایک مکمل فن کی حیثیت دلائی۔

انہوں نے نہ صرف ایک کامیاب فیشن ہاؤس قائم کیا بلکہ ایک ایسا مضبوط بزنس ایمپائر بھی تشکیل دیا جو آج بھی دنیا کے صفِ اول کے لگژری برانڈز میں شمار ہوتا ہے۔

ویلینٹینو نے 2008 میں عملی طور پر فیشن ڈیزائننگ سے ریٹائرمنٹ اختیار کی تھی، تاہم ان کا اثر آج بھی عالمی رن ویز، فیشن ویک شوز اور ڈیزائننگ اداروں میں نمایاں نظر آتا ہے۔

فیشن کی دنیا میں ان کی سب سے بڑی پہچان ’ویلینٹینو ریڈ‘ تھا، ایک منفرد سرخ رنگ جسے انہوں نے عالمی فیشن میں متعارف کروایا اور جو بعد ازاں ان کی شناخت بن گیا۔

فاؤنڈیشن کے مطابق ویلینٹینو کی میت بدھ اور جمعرات کو عوامی دیدار کے لیے رکھی جائے گی، جبکہ آخری رسومات جمعہ کو روم میں ادا کی جائیں گی۔ ان کی وفات کے ساتھ ہی فیشن کی دنیا کا ایک شاندار باب ختم ہو گیا، تاہم ان کا تخلیقی ورثہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION