01:30 , 28 جولائی 2025
Watch Live

وزیراعظم شہبازشریف کی بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کے لئے اہم ہدایت

وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانا ضروری ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے "اڑان پاکستان” منصوبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک میں روزگار بڑھانے کے لیے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا بہت ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے نیووٹیک اور پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام اپنا کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ حکومت نجی شعبے کو فروغ دے کر بیروزگاری کے سدباب کی پالیسی پر سرگرم عمل ہے اور پاکستان کا مستقبل آئی ٹی کے شعبے کی ترقی سے جڑا ہوا ہے۔

اس موقع پر شہبازشریف نے نوجوانوں کی بیرون ملک ملازمت کے لیے دوست ممالک کی مارکیٹس کے مطابق ایک جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والی جعلی اور بغیر لائسنس کمپنیوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔

وزیراعظم نے ڈیجیٹل یوتھ حب کو انگریزی کے ساتھ ساتھ مقامی زبانوں، بشمول اردو میں بھی متعارف کرانے کی ہدایت کی تاکہ اس کا دائرہ مزید وسیع ہو اور نوجوانوں تک معلومات کی فراہمی میں مزید سہولت ہو۔

یہ اقدامات نوجوانوں کے لیے نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوں گے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION