ویب ڈیسک
|
9 مہینے پہلے
رمضان شوگر ملز کیس میں وزیر اعظم شہباز اور حمزہ کو بری کر دیا گیا

وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کیس میں بری کر دیا گیا۔
فیصلہ لاہور کی احتساب عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے سنایا، جنہوں نے دونوں سیاسی شخصیات کے خلاف الزامات کو خارج کرنے کا حکم دیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے 18 فروری 2019 کو ریفرنس دائر کیا تھا، جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر رمضان شوگر ملز کیلئے نالی کی تعمیر کیلئے قومی خزانے سے 210 ملین روپے کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
عدالت نے 3 فروری کو اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا جبکہ 28 جنوری کو استغاثہ کے اہم گواہ ذوالفقار علی نے ریفرنس سے خود کو دور کر لیا جس کے باعث انہیں بری کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ نیب نے 2018 میں ایک ریفرنس دائر کیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس وقت کے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ نے اختیارات کے ناجائز استعمال کا ارتکاب کرکے قومی خزانے کو 213 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ شہباز نے بطور وزیراعلیٰ چنیوٹ ضلع میں بنیادی طور پر اپنے بیٹوں حمزہ اور سلیمان کی زیر ملکیت شوگر ملوں کے استعمال کیلئے ایک ڈرین کی تعمیر کی ہدایت جاری کی تھی۔












