آرمی چیف نے بھارت سے نکالے گئے بچوں کے علاج کی ذمہ داری لے لی

پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بھارت سے بے دخل کیے گئے دو معصوم بچوں کے علاج کی ذمہ داری خود لے کر ایک قابلِ تحسین انسانی قدم اٹھایا ہے۔
عبداللہ (9 سال) اور منسا (7 سال) اپنے والد شاہد احمد کے ہمراہ دل کے علاج کے لیے حیدرآباد، سندھ سے بھارت کے شہر فرید آباد گئے تھے۔ سات سال کی جدوجہد کے بعد بھارتی ویزا حاصل ہوا، مگر پاہلگام واقعے کے بعد بڑھتی کشیدگی کے باعث 23 اپریل کو آپریشن کی تیاری کے باوجود بھارتی حکام نے انہیں 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
شاہد احمد نے بھارتی اقدام کو غیر انسانی اور سیاسی قرار دیا۔ وطن واپسی پر جنرل عاصم منیر نے فوری طور پر بچوں کا علاج راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (AFIC) میں شروع کروایا۔
شاہد احمد کا کہنا تھا، "جنرل صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے فوری مدد کی، اور میرے بچوں کو جس توجہ اور علاج کی سہولت AFIC میں دی جا رہی ہے، وہ میری توقعات سے کہیں بڑھ کر ہے۔”
365 نیوز کے مارننگ شو "رائز اینڈ شائن” میں بھارت سے بے دخلی کے بعد زندگی بچانے والی ہارٹ سرجری سے محروم کیے گئے بچوں اور ان کے خاندان کو مدعو کیا گیا، جہاں انہوں نے اپنا جذباتی سفر ناظرین سے شیئر کیا۔
شو کی میزبان نادیا خان اور زوہیب حسن نے اس موقع پر خاندان کے حوصلے کو سراہتے ہوئے ایک خصوصی پیغام بھی دیا، جس میں ان کی ہمت اور صبر کی تعریف کی گئی۔ یہ پیغام سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، اور عوام کی جانب سے بھرپور ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار سامنے آیا۔











