03:47 , 27 اپریل 2025
Watch Live

استنبول میں حکومت مخالف مظاہرے میں لاکھوں افراد کی شرکت

استنبول میں حکومت مخالف مظاہرے میں لاکھوں افراد کی شرکت، مظاہرین نے جمہوریت کے تحفظ کے حق میں نعرے لگائے۔ یہ احتجاج استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو کی گرفتاری کے بعد شروع ہوا، جس سے ترکیہ میں عوامی بے چینی پھیل گئی۔

ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول کے ایشیائی حصے میں واقع مال تپے میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے، اور یہ مظاہرہ عید الفطر کی تیاریوں کے دوران ہوا۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت سی ایچ پی کے رہنما اوزگر اوزل نے کہا کہ اس ریلی میں 22 لاکھ افراد نے شرکت کی۔ ایک 82 سالہ خاتون جو ترکیہ کا پرچم اور امام اوغلو کی تصویر اٹھائے احتجاج میں شریک تھیں، نے کہا کہ مجھے کوئی خوف نہیں، میرے پاس ایک ہی زندگی ہے اور میں اسے اپنے ملک کیلئے قربان کرنے کیلئے تیار ہوں۔

یہ مظاہرے 19 مارچ کو امام اوغلو کی کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد شروع ہوئے، جسے ناقدین بے بنیاد الزامات قرار دیتے ہیں۔ ان مظاہروں کے خلاف حکومت کی سخت کارروائی پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید ردعمل دیا، اور عالمی سطح پر بھی اس کی مذمت کی گئی۔

امام اوغلو کو ترکیہ میں صدر رجب طیب اردگان کے سب سے مضبوط سیاسی حریف کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ انہیں گزشتہ سال تیسری بار استنبول کا میئر منتخب کیا گیا تھا اور حزبِ اختلاف نے انہیں صدارتی انتخابات کیلئے امیدوار نامزد کیا تھا۔

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION