ویب ڈیسک
|
7 مہینے پہلے
ایران بات چیت چاہتا ہے، مگر اب بہت دیر ہو چکی: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اب مذاکرات چاہتا ہے، لیکن بہت دیر ہو چکی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے دو ہفتے قبل بات کیوں نہیں کی؟ اب وقت بدل چکا ہے، میں نے ان سے کہا کہ اب دیر ہو چکی ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران حملوں اور تباہی کے بعد مذاکرات کی خواہش ظاہر کر رہا ہے، لیکن سوال اٹھتا ہے کہ بات چیت پہلے کیوں نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قیادت نے وائٹ ہاؤس آنے کی خواہش ظاہر کی، مگر اب حالات مختلف ہیں۔ ایران کو 60 دن کا موقع دیا گیا تھا، مگر انہوں نے کوئی عملی پیشرفت نہیں کی۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم کو "کام جاری رکھنے” کا مشورہ دیا ہے۔ ایران کی دفاعی صلاحیت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے بارے میں سوال پر ٹرمپ نے مختصراً کہا: "گڈ لک”۔
ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ اگلا ہفتہ اہم ہے، ممکن ہے اس سے پہلے ہی بڑی کارروائی ہو، ابھی کچھ ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے ایران پر حملے کے امکان کو نہ تو رد کیا اور نہ ہی مکمل طور پر تسلیم کیا۔
"ہم حملہ کر بھی سکتے ہیں، اور نہیں بھی… دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔”

















