ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد پی آئی اے کی پروازوں کا فلائٹ پلان تبدیل

ایران پر اسرائیلی فضائی جارحیت کے بعد ایران کی فضائی حدود بند ہونے کے سبب پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے مشرق وسطیٰ، ٹورنٹو اور پیرس جانے والی پروازوں کے فلائٹ پلانز میں اہم تبدیلیاں کر دی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق، خلیجی ممالک جانے والی پروازیں اب عمان کی فضائی حدود استعمال کر رہی ہیں۔ اسی طرح سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات جانے والی پروازیں مسقط فلائٹ انفارمیشن ریجن کے ذریعے جا رہی ہیں، جب کہ یورپی مقامات جیسے ٹورنٹو اور پیرس کی پروازوں کو بھی عمان کی فضائی راہداری سے گزارا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان کی فضائی حدود پوری طرح فعال اور محفوظ ہے۔ حکام کے مطابق، عالمی پروازیں پاکستانی ایئر اسپیس کو بلا تعطل استعمال کر رہی ہیں اور اضافی فضائی ٹریفک کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
اتھارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ مؤثر ایئر اسپیس مینجمنٹ کے باعث کوئی خلل یا تاخیر نہیں ہو رہی، اور بین الاقوامی ایئرلائنز کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود پر مکمل اعتماد برقرار ہے۔
- اسلام آباد: پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو نے اسپیس ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے مقامی سطح پر…13 گھنٹے پہلے













