01:00 , 22 اپریل 2025
Watch Live

برطانیہ کے تاریخی ونڈسر کیسل میں ایک ہزار سال میں پہلی بار افطار!

برطانیہ

لندن: اپنی ایک ہزار سالہ تاریخ میں پہلی بار ونڈسر کیسل کے اسٹیٹ اپارٹمنٹس میں افطار کے وقت اذان گونجی، جس نے محل کی فضا کو روحانی رنگ میں رنگ دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق، سینٹ جارج ہال جو عام طور پر سربراہان مملکت کی ضیافتوں اور خصوصی تقریبات کے لیے استعمال ہوتا ہے، اس بار رمضان المبارک کے احترام میں مسلمانوں کی میزبانی کر رہا تھا۔ افطار کے وقت 350 سے زائد مسلمانوں نے یہاں روزہ کھولا، اور اذان کی آواز نے اس تاریخی مقام کو مزید پر وقار بنا دیا۔

روزہ داروں نے سنت نبوی ﷺ پر عمل کرتے ہوئے کھجوروں سے روزہ افطار کیا۔ سینٹ جارج ہال میں افطار کے لیے دریاں بچھائی گئیں، جن پر سفید چادریں اور انواع و اقسام کے کھانے اور مشروبات رکھے گئے تھے۔

ونڈسر کیسل کے وزیٹر آپریشنز ڈائریکٹر، سائمن میپلز، نے کہا کہ بادشاہ کئی برسوں سے مذہبی تنوع کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی کی حمایت کر رہے ہیں۔

یہ تاریخی افطار ایک فلاحی ادارے کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا تھا۔ اس تقریب نے برطانیہ میں مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان بھائی چارے کی مثال قائم کر دی۔

ونڈسر کیسل برطانوی شاہی خاندان کی قدیم ترین اور تاریخی رہائش گاہوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا قلعہ ہے، جس کی تعمیر 11ویں صدی میں 1066ء کے دوران شروع ہوئی۔ ابتدا میں اسے رہائشی مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا گیا، لیکن 1110ء سے لے کر آج تک یہ کسی نہ کسی شاہی خاندان کے زیر استعمال رہا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION