11:45 , 12 جولائی 2025
Watch Live

رواں سال حج سے محروم ہونے والے پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے وزارت مذہبی امور کو رواں سال حج سے محروم رہ جانے والے 67 ہزار پاکستانیوں کو 36 ارب روپے 15 اگست تک واپس کرنے کی ہدایت کر دی۔

کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عون عباس بپی کی زیر صدارت اجلاس میں انکشاف ہوا کہ رواں سال پرائیویٹ حج آپریٹرز کی نااہلی اور عدالتی حکم امتناعی کے باعث 67 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا نہ کر سکے۔

سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمن نے بتایا کہ پاکستان کو سعودی عرب سے 1,79,210 حجاج کا کوٹہ ملا، جن میں سے 90,830 کو پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے بھیجا جانا تھا۔ تاہم سعودی حکومت کی نئی پالیسی کے تحت صرف وہی آپریٹر اہل قرار پایا جو 500 سے 2000 حجاج پر مشتمل گروپ کا انتظام کر سکے، لیکن پاکستان کے اکثر رجسٹرڈ آپریٹرز اس معیار پر پورے نہ اتر سکے۔

ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے بتایا کہ پرائیویٹ آپریٹرز کی جانب سے صرف 63,844 افراد نے رجسٹریشن کروائی، جن میں سے صرف 26,986 کے مکمل واجبات جمع ہوئے اور وہی حج ادا کر سکے۔ بقیہ افراد کی رقوم واپس کیے جانے کے حوالے سے سعودی اکاؤنٹ میں اب بھی 489 ملین ریال (تقریباً 36 ارب روپے) موجود ہیں۔

سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے ہوپ (حج آپریٹرز ایسوسی ایشن) کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے شدید شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ تمام متاثرین کو 15 اگست تک مکمل رقوم بغیر کسی کٹوتی کے واپس کی جائیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION