02:57 , 23 جون 2025
Watch Live

سعودی عرب میں عید الاضحیٰ کی نماز کے لیے نئی ہدایات جاری

سعودی وزارت اسلامی امور نے عیدالاضحی 2025 کی نماز کے انعقاد کے لیے ایک جامع منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت مملکت بھر کی تمام جامع مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عید کا باقاعدہ اہتمام کیا جائے گا، سوائے اُن مساجد کے جو عیدگاہوں کے قریب واقع ہیں اور جہاں عمومی طور پر لوگ عید کی نماز ادا نہیں کرتے۔

سعودی خبر رساں اداروں کے مطابق وزارت نے ہدایت جاری کی ہے کہ نماز عید ام القری کیلنڈر کے مطابق سورج طلوع ہونے کے 15 منٹ بعد ادا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ متعلقہ میٹنٹینس کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صفائی، ٹھنڈک، روشنی اور دیگر سہولیات کا مکمل بندوبست نماز سے قبل مکمل کریں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں یکم ذوالحجہ بدھ 28 مئی کو تھی، جس کے مطابق وقوف عرفہ جمعرات 5 جون کو ہوگا، جبکہ عیدالاضحی جمعہ 6 جون کو منائی جائے گی۔

دوسری جانب، حج 2025 کے لیے دنیا بھر سے عازمین کی مملکت میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ پاسپورٹ کے مطابق اب تک 13 لاکھ 30 ہزار 845 سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ ان میں 12 لاکھ 60 ہزار 874 فضائی، 64 ہزار 883 زمینی اور 5 ہزار 88 بحری راستوں سے داخل ہوئے ہیں۔

محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے تمام ہوائی، زمینی اور بحری راستوں پر تمام تر وسائل کو فعال کر دیا گیا ہے، تاکہ حجاج کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION