02:13 , 16 جون 2025
Watch Live

شادی سے انکار پر نوجوان نے خاتون کو گولی مار کر قتل کردیا

قتل

ملک کے دو مختلف شہروں میں خواتین پر تشدد کے افسوسناک واقعات سامنے آئے ہیں، جہاں ایک واقعے میں شادی سے انکار پر خاتون کو قتل کر دیا گیا جبکہ دوسرے واقعے میں شوہر نے بیوی کو قتل کر کے لاش کو جلا ڈالا۔

پنجاب کے ضلع پاکپتن میں ایک نوجوان نے خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون نے مبینہ طور پر ملزم سے دوسری شادی کرنے سے انکار کر دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، ملزم خاتون کے گھر میں زبردستی داخل ہوا اور فائرنگ کر کے اسے موقع پر ہی ہلاک کر دیا، بعد ازاں وہ جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب، لاہور میں ایک اور دل دہلا دینے والے واقعے میں پولیس نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش جلانے والے شخص کو 125 گھنٹے کی کوششوں کے بعد گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق، نذیر نامی شخص نے اپنی بیوی نجمہ کو قتل کرنے کے بعد لاش کو جلا دیا اور خود دوسری بیوی کے ساتھ فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمے میں نامزد نذیر اور اس کی دوسری بیوی کو گجرات سے گرفتار کر لیا ہے۔

دونوں واقعات میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کیسز درج کر لیے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ان واقعات نے ایک بار پھر معاشرے میں خواتین پر ہونے والے تشدد کی سنگینی کو اجاگر کر دیا ہے، جس پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION