12:37 , 13 جولائی 2025
Watch Live

وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، اسرائیلی جارحیت کیخلاف مکمل یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اسرائیل کے خلاف مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہے، اور یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور پاکستان ہر سطح پر ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مہم جوئی خطے اور دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے، اور پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

ایرانی صدر نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا مؤقف دونوں ممالک کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی حمایت کو سراہا اور اسلامی دنیا سے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION