02:15 , 22 اپریل 2025
Watch Live

وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اہم ملاقات

اسلام آباد (مہوش قماس) وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اہم ملاقات، دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر عملدرآمد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم کی جانب سے بلاول بھٹو کی سربراہی میں پی پی وفد کے اعزاز میں افطار اور عشائیہ دیا گیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔

بلاول بھٹو نے وزیراعظم کے سامنے متنازع کینالوں سے متعلق اعتراضات رکھ دئیے۔ کرم میں امن وامان کی ناقص صورتحال پر اپنے خدشات سے آگاہ کیا اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی اب تک دادرسی نہ ہونے کا بھی شکوہ کیا۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کے علاوہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق ایک دوسرے کا موقف سنا۔

شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے تحفظات اور اعتراضات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون سے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے فعال اور متحرک کردار ادا کرنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کو سراہا۔ کہا ملک کا مستقبل بہتر کرنے کیلئے وفاق اور صوبوں کی تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہے۔

پیپلز پارٹی نے ملکی ترقی و معاشی استحکام اور عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ہر اقدام میں حکومت سے مکمل تعاون فراہم کرنے کا عزم دہرایا۔ حکومتی امور میں اتحادیوں سے مشاورت اور انکو اعتماد میں لینے کے اقدام پر وزیرِ اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION