02:28 , 25 اپریل 2025
Watch Live

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ترک یونیورسٹیوں کو پنجاب میں کیمپس قائم کرنے کی دعوت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ترکیہ میں منعقدہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور ایک عالمی معاہدے کی تجویز پیش کی تاکہ دنیا بھر میں لڑکیوں کو تعلیم تک مساوی رسائی حاصل ہو سکے۔

اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ “ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنے کا حق ہے، اور ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ خاص طور پر بچیوں کو اس حق سے محروم نہ رکھا جائے۔” انہوں نے تعلیمی پالیسیوں، تدریسی حکمت عملیوں اور عالمی سطح پر تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ترکیہ کی اعلیٰ جامعات کو پنجاب میں اپنے کیمپس قائم کرنے کی دعوت دی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تبادلہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے ترکی کے اداروں پر زور دیا کہ وہ پنجاب میں نوجوانوں کے لیے جدید مراکز قائم کریں جہاں مہارت، اختراع اور قیادت کی تربیت فراہم کی جائے۔

مریم نواز نے کہا، “ہم ترکیہ کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کا خواب دیکھتے ہیں جو نہ صرف ہمارے تعلیمی نظام کو مضبوط کرے گی بلکہ اگلی نسل کو علم و ہنر کے تبادلے سے بااختیار بنائے گی۔”

انہوں نے ترک خاتون اول کی قیادت میں فورم کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ یہ خواتین کی بین الاقوامی سطح پر قیادت کا ایک مثالی نمونہ ہے۔ مریم نواز نے اناطولیہ ڈپلومیسی فورم کو مکالمے، شمولیت اور ترقی کو فروغ دینے کا کامیاب ماڈل قرار دیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION