ویب ڈیسک
|
7 مہینے پہلے
وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی، خانہ کعبہ میں نوافل بھی ادا کیے

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گذشتہ شب عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔ سیاسی و عسکری قیادت نے خانہ کعبہ میں نوافل بھی ادا کیے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی وفد سعودی ولیِ عہد اور وزیرِ اعظم محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب عمرہ کی ادائیگی کی۔ پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کے دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکرانہ ادا کیا۔ پاکستان کی معاشی میدان اور عوامی فلاح کیلئے اقدامات کے حوالے سے حالیہ کامیابیوں پر اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کے شکار کشمیری و فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔


















