09:26 , 27 اپریل 2025
Watch Live

وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکی وفد سے ملاقات، دہشتگردی کے خلاف عالمی تعاون پر زور

اسلام آباد – وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کے روز دہشتگردی کو عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ فوری اور مؤثر تعاون کرے۔

یہ بات انہوں نے امریکی کانگریسی وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی قیادت ریپبلکن پارٹی کے رکن جیک برگمین (Jack Bergman) کر رہے تھے۔ وفد میں امریکی نمائندگان تھامس رچرڈ سوزی، جوناتھن ایل جیکسن اور دیگر سینئر حکام بھی شامل تھے۔

پاکستانی وفد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکریٹری داخلہ خرم آغا، اور قائم مقام امریکی سفیر نٹالی بیکر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی، تجارت، معیشت اور بارڈر مینجمنٹ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی نے انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کو انسداد دہشتگردی میں کلیدی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف سب سے آگے کھڑے ہو کر قربانیاں دی ہیں۔ "پاکستان دہشتگردی اور دنیا کے درمیان ایک دیوار کی حیثیت رکھتا ہے۔”

وزیر داخلہ نے امریکہ کے ساتھ دیرپا تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو قرار دیا اور 30 اپریل کو امریکہ میں ہونے والے پاکستان کاکس ایونٹ کو خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں امریکی وفد کی شرکت خوش آئند ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات اور تحفظ فراہم کرے گی۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ جون میں اسلام آباد میں ہونے والا مشترکہ انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION