02:15 , 23 جون 2025
Watch Live

پاکستان نے بنگلادیش کو ٹی20 سیریز میں وائٹ واش کردیا، محمد حارث کی شاندار سنچری

لاہور – پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں بنگلادیش کو شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔ نوجوان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی طوفانی سنچری پاکستان کی کامیابی کی بنیاد بنی۔

197 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے صرف 18 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔ محمد حارث نے صرف 46 گیندوں پر 107 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ یہ ان کے ٹی20 بین الاقوامی کیریئر کی پہلی سنچری ہے۔

اوپنر صائم ایوب نے بھی 29 گیندوں پر 45 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز نے 26 رنز کا اضافہ کیا۔

بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن میرزا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تنظیم حسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 196 رنز بنائے، جو کہ پاکستان کے خلاف ان کا ٹی20 میں سب سے بڑا اسکور ہے۔ اوپنرز پرویز حسین ایمون اور تنزید حسن نے ٹیم کو 110 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ ایمون نے 66 اور تنزید نے 42 رنز اسکور کیے۔ توحید ریدوئے اور لٹن داس نے بالترتیب 25 اور 22 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی اور حسن علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز محمد حارث کو دیا گیا، جبکہ وہ سیریز کے بھی بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION