02:11 , 23 جون 2025
Watch Live

پشاور: پیپلز پارٹی کی "صوبہ بچاؤ ریلی” پر پولیس کی شیلنگ

پشاور: پیپلز پارٹی کی "صوبہ بچاؤ ریلی” کے دوران مظاہرین کی جانب سے وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کی کوشش پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، جبکہ مظاہرین نے پتھراؤ کرتے ہوئے ریڈ زون کا گیٹ توڑ دیا اور پی ٹی آئی کیمپ کو آگ لگا دی۔

ریلی کی قیادت ڈویژنل صدر عمر فاروق خان ہوتی نے کی، جو مردان سے متعدد گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ پشاور پہنچی۔ مظاہرین نے کرپشن کے خلاف بینرز اور نعرے اٹھا رکھے تھے۔

پی پی کارکنان خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے جمع ہوئے اور حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پر دروازے بند کیے گئے تو مظاہرین نے اسمبلی چوک بلاک کر دیا، جس سے خیبر روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔

پولیس نے ریڈ زون کے حصار کو توڑنے کی کوشش کرنے والے مظاہرین پر شیلنگ کی، جس کے بعد مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پی ٹی آئی کا کیمپ نذر آتش کر دیا۔

ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد کا کہنا ہے کہ مظاہرہ این او سی کے تحت ہو رہا تھا، لیکن چند شرپسند عناصر نے ریڈ زون کا گیٹ توڑا اور کیمپ کو آگ لگائی، جن کی سی سی ٹی وی کے ذریعے شناخت کی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج پر شیلنگ کر کے کرپشن کو چھپانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کرپٹ حکومت کے خلاف آواز اٹھاتی رہے گی اور صوبے کے حقوق کی حفاظت کرے گی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION