10:56 , 21 اپریل 2025
Watch Live

پنجاب بھر میں شدید گرمی، آندھی اور بارش کا امکان

پنجاب بھر میں شدید گرمی، آندھی اور بارش کا امکان

لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 16 اپریل سے 20 اپریل کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی، گرد آلود آندھی اور بارش کے امکانات کے پیش نظر موسم کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بھی گرد آلود ہوائیں اور بارش ہو سکتی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اپریل کے آخر تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسکول ایجوکیشن، صحت، آبپاشی، کمیونیکیشن اینڈ ورکس، بلدیاتی اداروں اور لائیو اسٹاک سمیت دیگر محکموں کو بھی پیشگی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ اطلاعات، واسا، پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی ممکنہ صورت حال کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی اور طوفانی بارش کے دوران کھلی جگہوں سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔

کسی بھی ہنگامی صورت حال میں شہری 1129 پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION