07:33 , 18 جولائی 2025
Watch Live

پنجاب کے 24 اضلاع کو 240 ای بسیں فراہم کرنے کی منظوری

#MaryamNawaz #Punjab #GreenPunjab #PunjabDevelopment #BRTPunjab #365News #365Digital #365NewsPK

لاہور – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے 24 اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پر 240 ای بسیں فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ ایک اہم اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اور ای بس منصوبے پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو ای بسوں کی فراہمی میں ترجیح دی جائے، خاص طور پر جنوبی پنجاب کے اضلاع کو۔ انہوں نے کہا کہ ہر نئی سہولت صرف بڑے شہروں کو دینے کا پرانا کلچر بدلنا ہوگا، اور دیہی علاقوں کو بھی شہروں کے برابر سہولتیں دی جائیں گی۔

پہلے مرحلے میں 240 ای بسیں پنجاب کے 24 منتخب اضلاع کو فراہم کی جائیں گی۔ اس کے بعد لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی کے لیے اگست سے اکتوبر کے دوران 500 مزید ای بسیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ نومبر سے دسمبر تک مزید 600 بسیں متوقع ہیں۔

پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ اور قصور کو الگ سے 400 ای بسیں دی جائیں گی۔

اجلاس میں گوجرانوالہ بی آر ٹی پراجیکٹ پر بھی گفتگو ہوئی، جس کے تحت 22 کلومیٹر طویل روٹ پر 28 اسٹیشن بنائے جائیں گے، اور راہوالی تا ایمن آباد سفر ممکن ہوگا۔ منصوبے میں 80 فیڈر بسوں کی شمولیت کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ گکھڑمنڈی تک توسیع کی تجویز پر بھی غور ہوا۔

فیصل آباد کے لیے ریڈ لائن اور اورنج لائن ٹرانسپورٹ منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ریڈ لائن 23.4 کلومیٹر طویل ہوگی جس پر 24 اسٹیشن ہوں گے اور یومیہ 1.85 لاکھ سے زائد مسافر سفر کر سکیں گے۔ اورنج لائن 29 کلومیٹر طویل 21 اسٹیشنز پر مشتمل ہوگی، جو روزانہ 1.11 لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹرانسپورٹ کے تمام عوامی فلاحی منصوبوں پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بس روٹس عوام کی ضرورت کے مطابق بنائے جائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری فائدہ اٹھا سکیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ "تمام اضلاع میرے لیے برابر ہیں، اور ہم ترقی کے سفر میں سب کو یکساں مواقع اور سہولتیں فراہم کریں گے۔”

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION