02:22 , 27 اپریل 2025
Watch Live

"اے آئی چیٹ باٹ ‘چیٹ جی پی ٹی’ کے زیادہ استعمال کا نقصان سامنے آ گیا”

آج کل ہر کوئی اے آئی چیٹ بوٹ "چیٹ جی پی ٹی” کا استعمال کر رہا ہے، لیکن اس کے مسلسل اور زیادہ استعمال سے ایک نیا نقصان سامنے آیا ہے۔

سائنس اور ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ، چیٹ جی پی ٹی ہماری روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنتا جا رہا ہے اور ہر عمر کے لوگ اس کا استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم، اوپن اے آئی اور ایم آئی ٹی میڈیا لیب کی حالیہ تحقیق میں یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے زیادہ استعمال سے افراد میں تنہائی بڑھنے کے امکانات زیادہ ہیں۔

چیٹ جی پی ٹی کو لانچ ہوئے دو سال ہو چکے ہیں اور یہ عالمی سطح پر مقبول ہو چکا ہے، جسے ہر ہفتے 40 کروڑ سے زائد افراد استعمال کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ پلیٹ فارم ایک اے آئی ساتھی کے طور پر متعارف نہیں کرایا گیا، مگر کچھ صارفین اس کے ساتھ جذباتی طور پر جڑ جاتے ہیں، اور اسی بنیاد پر یہ تحقیق کی گئی۔

ماہرین نے دو طریقے اپنائے: پہلے مرحلے میں لاکھوں چیٹس اور آڈیو تعاملات کا تجزیہ کیا گیا، اور 4,000 سے زائد صارفین سے چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ ان کے رویے پر سوالات کیے گئے۔ دوسرے مرحلے میں، ایم آئی ٹی میڈیا لیب نے 1,000 افراد کو چار ہفتوں کے تجربے میں شامل کیا، جس میں ان سے روزانہ کم از کم پانچ منٹ چیٹ جی پی ٹی سے بات کرنے کو کہا گیا۔

تحقیق کے مطابق، جو افراد چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ جذباتی طور پر جڑتے تھے، ان میں دوسروں کی نسبت زیادہ تنہائی کے آثار پائے گئے۔ مطالعے سے یہ بات سامنے آئی کہ زیادہ استعمال، چاہے کسی بھی قسم کی گفتگو ہو، سماجی تنہائی، انحصار اور غیر معمولی استعمال سے جڑا تھا، جس کے نتیجے میں سماجی میل جول میں کمی آئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق ابتدائی مرحلے میں ہے، مگر یہ ایک اچھا آغاز ہو سکتی ہے تاکہ ہم یہ سمجھ سکیں کہ اے آئی ٹیکنالوجی کا صارفین کی ذہنی صحت پر کیا اثر پڑ سکتا ہے۔

اوپن اے آئی کے سیفٹی ریسرچر جیسن فانگ نے کہا، "ہم ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں، لیکن ہمارا مقصد یہ سمجھنا ہے کہ ہم کن اثرات کو ماپ سکتے ہیں اور ان کے طویل مدتی اثرات کیا ہو سکتے ہیں۔”

یہ تحقیق اس وقت سامنے آئی ہے جب اوپن اے آئی نے اپنا نیا GPT-4.5 ماڈل متعارف کرایا ہے، جسے اپنے پیشرو ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ ذہین اور جذباتی طور پر حساس قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION