02:52 , 25 اپریل 2025
Watch Live

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں دہشتگردی کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، کی زیر صدارت 268ویں کور کمانڈر کانفرنس، فورم نے ہر قیمت پر بلاتفریق دہشت گردی کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ میں حکومتی ہدایات کے مطابق تمام ادارے پائیدار ہم آہنگی ، مربوط کوششوں اور تعاون کو یقینی بنائیں۔ پاک فوج حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں کی مالی اعانت کےخلاف سخت قانونی اقدامات میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

آرمی چیف نے پاکستان بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم شدہ ضلعی رابطہ کمیٹیوں کے آغاز کو بھی سراہا۔

فورم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے ملک دشمن عناصر ، سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف ریاست پوری طاقت سے نمٹے گی۔ اور کسی کو بھی بلوچستان میں امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کانفرنس میں علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ فورم کو خطے کی موجودہ صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں پاکستان کی حکمتِ عملی کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

فورم نے بھارت کی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی جاری سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر بھی خدشات ظاہر کئے۔

فورم نے فلسطین کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں ہونے والی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی شدید مذمت کی۔ فورم نے فلسطین کے عوام کی غیر متزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت فراہم کرنے کا اعادہ بھی کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بہترین جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے کیلئے سخت تربیت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION