07:41 , 27 اپریل 2025
Watch Live

گورنر ہاؤس پنجاب میں اسرائیلی و غیر ملکی مصنوعات پر مکمل پابندی

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے گورنر ہاؤس لاہور میں اسرائیلی کمپنیوں اور دیگر غیر ملکی برانڈز کی مصنوعات اور مشروبات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم اور مسلم دنیا کے جذبات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جب تک وہ اس منصب پر فائز ہیں، گورنر ہاؤس میں ایسی کوئی بھی شے استعمال نہیں کی جائے گی جس سے کسی بھی طریقے سے اسرائیل یا غیر مسلم قوتوں کو مالی فائدہ پہنچے۔ انہوں نے اس اقدام کو ایک "علامتی مگر مضبوط پیغام” قرار دیا کہ پاکستانی عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سے راجہ پرویز اشرف، علی گیلانی، چوہدری منظور اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے ملاقات کی، جس میں ملکی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سردار سلیم حیدر نے ایران میں حالیہ دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور مطالبہ کیا کہ ایرانی حکومت ان حملوں کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں مسلمانوں پر ہونے والا ظلم، ہر صاحبِ دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے۔ "ہماری خاموشی بھی کسی جرم سے کم نہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ عملی اقدامات کیے جائیں،” انہوں نے مزید کہا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION