03:42 , 27 اپریل 2025
Watch Live

ہڈیوں کو مضبوط رکھنے کیلئے مددگار مزیدار پھل

ایک نئی تحقیق میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ خشک آلو بخاروں کا استعمال نہ صرف نظام ہاضمہ کیلئے مفید ہے بلکہ یہ ہڈیوں کو بھی مضبوط بناتا ہے۔

جرنل نیوٹریشن میں شائع تحقیق کے مطابق روزانہ خشک آلو بخارے کھانے سے ہڈیوں کی کمزوری کی وجوہات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اس تحقیق میں 55 سے 75 سال کی عمر کی 183 خواتین کو شامل کیا گیا تھا اور انہیں مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو روزانہ 5 یا 6 خشک آلو بخارے کھانے کی ہدایت کی گئی، دوسرے گروپ کو 10 خشک آلو بخارے دیے گئے، جبکہ تیسرے گروپ کو اس سے دور رکھا گیا۔ تحقیق کے آغاز اور ایک سال بعد ان خواتین کے خون کے نمونے اکٹھے کیے گئے۔

امریکا کی جارجیا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں خشک آلو بخارے کے اثرات پر غور کیا گیا اور اس دوران ہڈیوں کی صحت پر ورم کا باعث بننے والے پروٹینز کی سطح کو ٹریک کیا گیا۔ نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ خشک آلو بخارے ہڈیوں کے بھربھرے پن کا خطرہ کم کرتے ہیں، جس سے ہڈیاں کمزور ہو کر آسانی سے ٹوٹ جاتی ہیں۔

محققین نے بتایا کہ ایک سال تک روزانہ خشک آلو بخارے کھانے والی خواتین میں ورم کا باعث بننے والے پروٹینز کی سطح کم ہو گئی، جس سے ہڈیوں کی صحت میں بہتری آئی۔ تحقیق کے نتائج سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ خشک آلو بخاروں میں موجود حیاتیاتی مرکبات، وٹامنز اور منرلز ہڈیوں کو نقصان پہنچانے والے ورم سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔

محققین نے یہ بھی تسلیم کیا کہ یہ تحقیق زیادہ عمر کی خواتین تک محدود تھی، اس لیے اس پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے جس میں ہر عمر کے افراد کو شامل کر کے خشک آلو بخاروں کے استعمال کے اثرات کا جائزہ لیا جائے۔

اس سے قبل بھی دیگر تحقیقی رپورٹس میں خشک آلو بخاروں کے استعمال اور ہڈیوں کی صحت میں بہتری کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا تھا، جن میں 235 خواتین کو شامل کیا گیا تھا۔ ان نتائج نے ثابت کیا کہ خشک آلو بخارے ہڈیوں کی کمزوری اور حجم میں کمی کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اس تحقیق سے پتہ چلا کہ خشک آلو بخارے کا استعمال ہڈیوں کی صحت کیلئے نہایت فائدہ مند ہے اور یہ ورم، تکسیدی تناؤ اور کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتا ہے۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION