01:30 , 23 جون 2025
Watch Live

یو اے ای میں غیر ملکی ملازمین کے لیے تعلیمی اسناد کی تصدیق کا نیا ڈیجیٹل نظام متعارف

تعلیمی اسناد

متحدہ عرب امارات میں تعلیمی اسناد کی ڈیجیٹل تصدیق کی نئی سہولت، نجی شعبے کے ملازمین کے لیے بڑی آسانی

 

متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کے خواہشمند غیر ملکی افراد کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزارتِ انسانی وسائل (MoHRE) نے اعلان کیا ہے کہ نجی شعبے میں ملازمت کے خواہشمند افراد کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کرا دی گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ سروس ان ملازمین کے لیے ہے جن کے پاس متحدہ عرب امارات سے باہر کی یونیورسٹیوں اور اداروں سے حاصل کردہ ڈگریاں ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ مستقبل میں یہ سہولت امارات میں جاری ہونے والی ڈگریوں پر بھی لاگو کی جائے گی۔

MoHRE کے مطابق اس سروس کا بنیادی مقصد ملازمت کے عمل کو تیز، موثر اور شفاف بنانا ہے۔ نئی سروس کے تحت اب سرکاری و نجی ادارے بھی ڈیجیٹل طریقے سے اسناد کی تصدیق کر سکیں گے، جس سے کاغذی کارروائی میں واضح کمی آئے گی۔

یہ سروس MoHRE کی ویب سائٹ، اسمارٹ فون ایپ اور ملک بھر میں موجود کاروباری خدمات کے مراکز پر دستیاب ہوگی۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے تعلیمی اسناد کی تصدیق ضروری ہوتی ہے۔ عموماً غیر ملکی افراد کو پہلے اپنے آبائی ملک سے اسناد کی توثیق کروا کر امارات میں دوبارہ تصدیق کروانی پڑتی ہے، جو 10 دن یا اس سے زائد وقت لے سکتا ہے۔ اگر اسناد پہلے سے تصدیق شدہ ہوں، تو یو اے ای میں یہ عمل 2 دن میں مکمل ہو سکتا ہے۔

نئی ڈیجیٹل سروس کی بدولت یہ عمل مزید آسان، فوری اور قابل اعتماد ہو جائے گا، اور اس سے ملازمت کے ضوابط کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جعلی اسناد کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION