اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کے حوالے سے اہم انکشافات، پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری

کراچی – ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش برآمد ہونے کے بعد ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے کئی اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اداکارہ کی موت کو 8 سے 10 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، اور لاش گلنے سڑنے کے آخری مراحل میں تھی۔
ابتدائی میڈیکل جائزے میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ حمیرا اصغر کے جسم پر کوئی فریکچر یا چوٹ کے آثار موجود نہیں تھے، اور نہ ہی جسم پر تشدد یا زبردستی کی کوئی نمایاں علامات پائی گئیں۔ تاہم، حتمی نتائج کے لیے بالوں اور لباس کے ٹکڑوں کو کیمیکل تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس اور دیگر تحقیقاتی ادارے واقعے کی وجوہات جاننے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ اس افسوسناک واقعے کی حقیقت سامنے لائی جا سکے۔
دوسری جانب، عدالت میں یہ مؤقف اپناتے ہوئے درخواست دائر کی گئی ہے کہ اداکارہ کی موت کو قتل قرار دیا جائے، جس پر عدالتی کارروائی جاری ہے۔












