ویب ڈیسک
|
9 مہینے پہلے
اگلی دہائی میں روبوٹ ہاؤس کیپرز گھریلو کاموں میں مدد دیں گے!

ماہرین کا کہنا ہے کہ روبوٹ ہاؤس کیپرز اگلی دہائی میں حقیقت بن سکتے ہیں۔ یہ انسان نما مشینیں مصنوعی ذہانت کی مدد سے صفائی، ترتیب اور حتیٰ کہ کھانے کی تیاری جیسے کام سیکھنے کے قابل ہوں گی۔
پہلے ماڈلز کی قیمت ایک عام خاندانی کار کے برابر ہونے کی توقع ہے، جو تقریباً 16,000 سے 40,000 پاؤنڈ کے درمیان ہوگی۔
دنیا کے معروف تعلیمی ادارے میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے انجینئرز کا کہنا ہے کہ انسانی شکل کے روبوٹ گھروں کے لیے موزوں ہوں گے کیونکہ ’’گھروں کو انسانی جسم کے مطابق بنایا اور ترتیب دیا گیا ہے۔‘‘
کمپیوٹر سائنسدان پروفیسر پلکیت اگروال کا کہنا ہے: ’’یہ روبوٹ دروازے بند کرنے، اخبار لانے، کپڑے دھونے جیسے کام انجام دے سکیں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’یہ آپ کے کچن اور بیڈروم میں چیزوں کو ترتیب دینے، برتن دھونے اور یہاں تک کہ سبزیاں کاٹنے میں بھی مدد کر سکتے ہیں۔ ہم یہ کام مکمل کرنے کے لیے روبوٹ کی مدد حاصل کر سکتے ہیں، کیونکہ اکثر لوگ یہ کام کرنا پسند نہیں کرتے۔‘‘
پروفیسر اگروال کے مطابق، ’’میرا اندازہ ہے کہ یہ روبوٹ اگلے پانچ سے دس سال میں دستیاب ہوں گے۔‘‘
امریکی ادارے کے ماہرین ایسے پریشر سینسر فنگرز پر کام کر رہے ہیں جو روبوٹس کو احساس دلا سکیں کہ وہ کتنی قوت لگا رہے ہیں تاکہ وہ کسی چیز کو زیادہ دباؤ سے نہ توڑ دیں۔












