08:09 , 23 اکتوبر 2025
Watch Live

بھارت سے عبرتناک شکست، وسیم اکرم کا بڑے کھلاڑیوں کو نکالنے کا مطالبہ

وسیم اکرم نے بھارت کے خلاف پاکستان ٹیم کی بدترین کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بڑے ناموں کو ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے اسپورٹس شو میں وسیم اکرم نے کہا کہ ہم کئی سالوں سے انہی کھلاڑیوں کے ساتھ وائٹ بال کرکٹ میں مسلسل ہار رہے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پانچ سے چھ بڑے نام تبدیل کرنا ہوں گے، نئے کھلاڑیوں کے ساتھ اگر اگلے چھ ماہ ہاریں تو بھی انہیں سپورٹ کریں اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری ابھی سے شروع کریں۔

وسیم اکرم نے مزید کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں کو کافی چانسز مل چکے ہیں اور ان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کی گئیں، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ تبدیلی کی جائے۔ انہوں نے ٹیم کے بولرز کی کارکردگی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ہمارے بولرز نے پانچ میچز میں 60 کی اوسط سے صرف 24 وکٹیں لیں، جو کہ ناقابل قبول ہے۔

وسیم اکرم نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین کو وطن واپس آتے ہی سلیکشن کمیٹی، کپتان اور کوچ کو بلانا چاہیے اور ہمارے کرکٹ لیجنڈز کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سلیکشن کمیٹی اور کپتان نے کیا سوچ کر یہ ٹیم منتخب کی تھی، اور سلمان علی آغا اور خوشدل شاہ سے ویرات کوہلی جیسے بیٹرز کو آؤٹ کرنے کی توقع تھی؟

انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ کے اعلان کے وقت ہم نے کہا تھا کہ یہ اسکواڈ درست نہیں ہے، اور چیئرمین نے خود کہا تھا کہ اسکواڈ تبدیل کر لیں، لیکن سلیکشن کمیٹی نے اس پر کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

وسیم اکرم نے محمد رضوان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کپتان کو اپنے کھلاڑیوں اور حالات کے بارے میں آگاہی ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال ناقابل قبول ہے اور اب تبدیلی ضروری ہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION