11:39 , 7 نومبر 2025
Watch Live

حکومت کا گیس کی قیمت میں بڑا اضافہ

حکومت کا گیس کی قیمت میں بڑا اضافہ

اسلام آباد — حکومت پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملک بھر میں گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ یکم جولائی 2025 سے نافذ ہونے والے اس فیصلے کے تحت تمام صارفین کے لیے مقررہ چارجز میں 50 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے جمعہ کے روز وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں اس اضافے کی منظوری دی۔ حکام کے مطابق، یہ اقدام مالیاتی خسارہ کم کرنے اور آئی ایم ایف کے ساتھ جاری معاہدے کی شرائط پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

ای سی سی اجلاس میں بتایا گیا کہ غیر گھریلو یعنی صنعتی، کمرشل اور پاور سیکٹر کے لیے گیس کی قیمتوں میں 29 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس سے حکومت کو اضافی 72 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔

اجلاس میں 856 ارب روپے کی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی، جو مختلف سرکاری اداروں اور منصوبوں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ اس اقدام سے حکومت کے مالی بوجھ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس پر ماہرین معاشیات نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ای سی سی نے چینی کی درآمد سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ یہ معاملہ اب قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے وزیر کی سربراہی میں قائم ایک سیاسی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو اس معاملے پر سفارشات تیار کرے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈالے گا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب روزمرہ اشیاء کی قیمتیں پہلے ہی بلند سطح پر ہیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION