خیبر پختونخوا میں سکیورٹی آپریشنز، 19 بھارتی دہشتگرد ہلاک

9 اور 10 ستمبر 2025 کو خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف تین بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ گروہ "فتنۃ الخوارج” کے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں ضلع مہمند، شمالی وزیرستان اور ضلع بنوں میں کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے مؤثر انداز میں نشانہ بنائے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی ضلع مہمند کے علاقے گلونو میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں دہشت گردوں کے ایک مضبوط مرکز پر حملہ کیا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 14 دہشت گرد مارے گئے، جو بھارتی پراکسی نیٹ ورک سے وابستہ تھے اور ملک میں کئی تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
اسی روز شمالی وزیرستان کے حساس علاقے دتہ خیل میں ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے چار مزید خوارج کو ہلاک کر دیا۔ بعد ازاں ضلع بنوں میں ایک علیحدہ جھڑپ کے دوران ایک اور دہشت گرد مارا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک شدہ دہشت گرد کئی اہم دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔ فورسز نے متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک سے بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے اور یہ مشن ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔












