10:13 , 27 جولائی 2025
Watch Live

راول ڈیم کے سپل ویز کھول دیے گئے

راول ڈیم کے سپل ویز کھول دیے گئے

اسلام آباد میں گزشتہ روز ہونے والی مسلسل بارشوں کے بعد راول ڈیم میں پانی کی سطح 1,748 فٹ تک پہنچ گئی، جو کہ اس کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 1,752 فٹ سے صرف چار فٹ کم تھی۔ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی تدبیر کے طور پر سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (ICT) کے ترجمان کے مطابق، تقریباً ساڑھے چھ گھنٹے تک پانی چھوڑنے کے بعد ڈیم کی سطح کم ہوکر 1,746 فٹ تک آ گئی، جس کے بعد سپل ویز کو دوبارہ بند کر دیا گیا۔

پانی کے اخراج کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، اور واٹر اینڈ سیینی ٹیشن ایجنسی (WASA) کی مشترکہ مشاورت سے کیا گیا۔ تمام متعلقہ اداروں نے نشیبی علاقوں، پلوں اور نالوں کے قریب عملہ تعینات کیا تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر نیلور نے سپل ویز کھولنے کے پورے عمل کی نگرانی کی اور میدان میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران مجسٹریٹس، ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینسز اور یونین کونسل کے اہلکار مختلف پلوں اور ندی نالوں کے کناروں پر تعینات رہے۔

انتظامیہ نے پاکستان محکمہ موسمیات سے بارشوں کی پیشگوئی اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے مسلسل رابطہ رکھا، تاکہ آئندہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ راول ڈیم کے سپل ویز صرف اس وقت کھولے جاتے ہیں جب پانی کی سطح اپنی انتہا کے قریب پہنچ جائے، تاکہ ڈیم کے ڈھانچے پر دباؤ کم کیا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION