11:17 , 27 جولائی 2025
Watch Live

صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ تشکر پر مسلح افواج کو سلام

اسلام آباد – پاکستان میں یوم تشکر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بہادر مسلح افواج کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی شجاعت کو عسکری تاریخ کا سنہرا باب قرار دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں معصوم شہری شہید ہوئے، لیکن پاکستان نے چند گھنٹوں میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ جو طیارے بھارت کا فخر تھے، وہ آج راکھ ہو چکے ہیں۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن کے خلاف کاری ضربیں لگائیں اور دشمن کے فوجی اڈے اور اسلحہ کے ذخیرے کھنڈرات میں تبدیل ہو گئے۔ رافیل طیارے بھی ہمارے نشانے سے بچ نہ سکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری کارروائی صرف دفاعی نہیں، بلکہ انسان دشمن نظریات کے خلاف ایک اصولی موقف تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فتح غیرت مند اور باوقار پاکستانی قوم کی ہے، جو سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت کو سراہا اور تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

دوسری جانب، صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج ہم آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف فوجی کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کا پیشہ ورانہ اور مؤثر جواب دیا، جس سے دنیا نے نہ صرف ہمارے تحمل کو سراہا بلکہ ہماری دفاعی صلاحیت کا بھی اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام قومی ذرائع استعمال کرے گا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION