11:17 , 27 جولائی 2025
Watch Live

عید پر مثالی صفائی خدمات، سی ڈی اے ملازمین کے لیے انعامی تنخواہ کا اعلان

عید پر مثالی صفائی خدمات، سی ڈی اے ملازمین کے لیے انعامی تنخواہ کا اعلان

اسلام آباد – وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ان ملازمین کے لیے ایک بنیادی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے، جنہوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے خصوصی آپریشن میں بھرپور شرکت کی۔

یہ اعلان وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں زیرو ویسٹ آپریشن کے تحت صفائی خدمات انجام دینے والے سی ڈی اے ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے دوران کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ان ملازمین نے شہر کو صاف اور آلائشوں سے پاک رکھنے کے لیے دن رات کام کیا، جس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو 15 ہزار روپے فی کس بطور انعام دیے جائیں گے۔ ان کے مطابق، صرف تین دن میں اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں سے 2400 ٹن آلائشیں اور ویسٹ اٹھایا گیا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈرون کیمروں کے ذریعے صفائی آپریشن کی نگرانی کی گئی، جبکہ 2500 سے زائد ملازمین اور 250 گاڑیوں نے اس زیرو ویسٹ آپریشن میں حصہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں نے بھی سی ڈی اے کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا:
"اسلام آباد کو اپنا سمجھ کر اس کی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا۔ ہمیں سب کو مل کر دارالحکومت کو ایک بین الاقوامی معیار کا صاف اور سرسبز شہر بنانا ہے۔”

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION