ٹرمپ کی مسک کے پاؤں چومنے کی ویڈیو، حقیقت سامنے آگئی

امریکی محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ (HUD) پر پیر کے روز ایک سائبر حملہ کیا گیا، جس میں ہیکرز نے کیفیٹیریا کے ٹیلی ویژن کا کنٹرول حاصل کرکے اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو نشر کردی۔ ویڈیو میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایلون مسک کے قدم چومتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ اس کے ساتھ عبارت "LONG LIVE THE REAL KING” لکھی ہوئی تھی۔
یہ ویڈیو ایک ہفتہ قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر بھی منظر عام پر آئی تھی، جس کے بعد سائبر سیکیورٹی کے خدشات اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ پر نئی بحث چھڑ گئی۔
HUD حکام نے اس خلاف ورزی کی سخت مذمت کی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، تاہم ہیکرز کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ حملہ ایک سیاسی بیان ہو سکتا ہے، مگر ابھی تک کسی گروہ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ اس واقعے نے حکومتی سسٹمز کی سیکیورٹی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں اور مصنوعی ذہانت کے ممکنہ غلط استعمال کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔












