01:02 , 28 جولائی 2025
Watch Live

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ٹیکنالوجی میں تعاون کا نیا باب

پاکستان اور سعودی عرب

اسلام آباد: وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور سعودی عرب کے وزیر برائے مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئر عبداللہ السواح کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے پاکستان ڈیجیٹل کاریڈور کے قیام پر گفتگو کی، جس کا مقصد چین اور وسطی ایشیا کے ساتھ رابطے کو فروغ دینا اور خطے میں ڈیجیٹل ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔

اس اجلاس کا ایک اہم پہلو 4.8 ارب روپے مالیت کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) کی منظوری تھی، جس کے تحت 7,000 سے زائد نوجوانوں کو سیمی کنڈکٹرز اور جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کی جائے گی۔

وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے سعودی نیشنل سیمی کنڈکٹر حب کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشترکہ منصوبوں کے لیے تیار ہے، خاص طور پر مصنوعی ذہانت (AI) اور کمپیوٹنگ ٹیکنالوجیز میں۔

دونوں ممالک نے سعودی نیشنل ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت تعاون بڑھانے اور نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں پاکستان کی سائبر سیکیورٹی میں کامیابیوں اور مسلح افواج کے کردار کو بھی سراہا گیا، جو قومی ڈیجیٹل تحفظ میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

فریقین نے خطے میں تکنیکی قیادت اور اختراعات کے مشترکہ وژن کو دہرایا، اور مستقبل میں ڈیجیٹل ترقی، نوجوانوں کی تربیت، اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مشترکہ پیش رفت پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION