06:39 , 8 نومبر 2025
Watch Live

پاکستان کی شاندار جیت: بنگلادیش کو دوسرے ٹی20 میں 57 رنز سے شکست، سیریز اپنے نام کرلی

لاہور – پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں 57 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں شائقین کرکٹ نے قومی ٹیم کی جارحانہ بیٹنگ اور مؤثر بولنگ کا زبردست مظاہرہ دیکھا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے 74 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جبکہ محمد حارث 40 اور حسن نواز 26 گیندوں پر ناقابل شکست 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حسن نواز کی اننگ میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ کپتان سلمان علی آغا 19 رنز ہی بنا سکے جبکہ صائم ایوب صرف 4 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود، تنظیم حسن اور رشاد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 19 اوورز میں صرف 144 رنز بنا سکی۔ تنظیم حسن کی نصف سنچری (50 رنز) کے باوجود مہمان ٹیم دباؤ میں نظر آئی۔ تنزید حسن 33 اور مہدی حسن 23 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر سکے، لیکن دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ کپتان لٹن داس صرف 6 رنز اور توحید ہردوئے 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے بولرز نے زبردست کارکردگی دکھائی، ابرار احمد نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی، فہیم اشرف اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے آغاز پر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور کہا کہ وہ بڑا اسکور بنا کر حریف ٹیم پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فخر زمان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو مکمل فٹ نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی20 میچ میں بھی 37 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، اور اب قومی ٹیم کو سیریز میں ناقابلِ شکست برتری حاصل ہو چکی ہے۔ تیسرا اور آخری میچ یکم جون کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION