07:08 , 15 نومبر 2025
Watch Live

پاک فوج ملک کی معاشی ترقی میں مکمل حمایت فراہم کرے گی، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کی معاشی ترقی کے عمل میں مکمل حمایت فراہم کرتی رہے گی۔

آرمی چیف اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے ایس آئی ایف سی کے گرین کارپوریٹ انیشی ایٹو کا دورہ کیا، جس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، دیگر وفاقی و صوبائی وزرا اور زرعی شعبے کے افسران بھی شریک تھے۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ نے سمارٹ ایگری فارم، گرین ایگری مالز اور ایگری ریسرچ سہولت سنٹر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے زرعی شعبے کی ترقی کیلئے جدید مشینری کا بھی معائنہ کیا۔ اس منصوبے کے تحت کسانوں کو جدید مشینری آسان کرائے پر فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ مہنگی مشینری خریدنے سے بچ سکیں۔ پنجاب بھر میں 25 "گرین ایگری مال” تیار کیے جا چکے ہیں، اور سال کے آخر تک 250 مالز کی تکمیل متوقع ہے۔

اس منصوبے کے تحت پانچ ہزار ایکڑ پر جدید زرعی فارم کا آغاز کیا گیا ہے، اور کسانوں کو ان کے گھروں تک معیاری بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات اور زرعی مشینری رعایتی کرائے پر فراہم کی جائے گی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پاکستان کا زرعی پاور ہاؤس بن چکا ہے، اور یہاں کے کسانوں کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے۔ گرین کارپوریٹ منصوبے کی کامیابیاں ترقی کی نوید ہیں، اور پاک فوج اس عمل میں اپنی مکمل حمایت فراہم کرے گی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چولستان اور پنجاب میں جدید زراعت کے انقلاب کا آغاز ہو چکا ہے، جو کسانوں کی ترقی اور پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION