ویب ڈیسک
|
4 مہینے پہلے
پاک فوج نے راولپنڈی کے قریب سیلاب میں پھنسے خاندان کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحفاظت نکال لیا

راولپنڈی: پاک فوج نے شدید بارشوں کے بعد چکری روڈ کے علاقے لڈیاں گاؤں میں سیلابی پانی میں پھنسے ایک خاندان کی جان بچا لی۔ متاثرہ خاندان اپنے گھر کی چھت پر پناہ لیے ہوئے تھا، جسے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحفاظت نکالا گیا۔
ہیلی ریسکیو مشن خراب موسم کے باوجود کامیابی سے مکمل ہوا، جس پر مقامی افراد اور حکام نے پاک فوج کی بروقت کارروائی کو سراہا۔
راولپنڈی میں حالیہ موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے باعث الرٹ جاری کر دیے گئے ہیں، جب کہ نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔












