12:58 , 27 جولائی 2025
Watch Live

پی آئی اے کے تین اعلیٰ افسران کو قید اور جرمانے کی سزا

پی آئی اے

اسلام آباد: نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) بلوچستان نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے تین سینئر افسران کو عدالت کے حکم کی خلاف ورزی پر قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق این آئی آر سی کوئٹہ بینچ کے رکن عبدالغنی مینگل نے فیصلہ سناتے ہوئے بتایا کہ یہ سزا پی آئی اے کوئٹہ کے 17 یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل نہ کرنے پر سنائی گئی۔ عدالت کے مطابق متعلقہ افسران نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی، جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

سزا پانے والوں میں پی آئی اے کے ڈپٹی سی ای او، ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کے سربراہ اور جنرل منیجر بلوچستان شامل ہیں، جنہیں 6 ماہ 20 دن قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔

عدالت نے ان افسران کو سرکاری عہدوں کے لیے نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی تنخواہیں اور دیگر مراعات فوری طور پر بند کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ مزید برآں، آئی جی اسلام آباد اور آئی جی بلوچستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ تینوں افسران کو جیل منتقل کیا جائے اور فیصلے پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ادارہ عدالتی فیصلوں کا احترام کرتا ہے، تاہم مؤقف اختیار کیا کہ سماعت کے دوران کئی اہم قانونی نکات پر غور نہیں کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ موجودہ نجکاری کے عمل اور انتظامی پیچیدگیوں سے متعلق عدالت کو مکمل طور پر آگاہ نہ کیا جا سکا، جو کہ دفاع کا اہم حصہ تھا۔

ترجمان کے مطابق، قومی ایئرلائن نے فیصلے کے خلاف متعلقہ فورم پر نظرثانی اپیل دائر کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION