ویب ڈیسک
|
4 مہینے پہلے
کراچی: اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت، تفتیش میں نئے انکشافات

کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں رہائشی فلیٹ سے اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے واقعے کی تفتیش جاری ہے، جس میں متعدد نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق حمیرا کے فلیٹ سے تین موبائل فونز، ایک ٹیبلیٹ، ڈائری اور اہم دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔ تینوں فونز میں ان کے نام کی سمز تھیں، جن میں کل 2,215 نمبرز محفوظ ہیں۔
اداکارہ نے 7 اکتوبر 2024 کو 14 افراد سے رابطے کی کوشش کی، جن میں ایک شوبز ڈائریکٹر بھی شامل ہے، جو اس وقت اسلام آباد میں موجود ہے اور اس سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔
تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا کہ اداکارہ نے اکتوبر کے آغاز میں اپنے بھائی سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ ٹیبلیٹ تاحال خراب حالت میں ہے اور کھولا نہیں جا سکا، جبکہ موبائل فونز میں سے دو بغیر پاسورڈ کے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے، تاہم موت کی اصل وجہ کا تعین میڈیکل اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
واضح رہے، حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل، ڈیفنس فیز 6 کی رہائشی عمارت کی چوتھی منزل سے ملی تھی۔












