ویب ڈیسک
|
1 سال پہلے
اسپین میں کشتی حادثے میں 44 پاکستانی جاں بحق ہوگئے

افریقی ملک موریطانیہ سے اسپین جانے والی غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن جاں بحق ہوگئے۔
کشتی میں 86 تارکین وطن سوار تھے جن میں سے 36 کو بچا لیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 12 نوجوان گجرات کے رہائشی تھے۔ میڈرڈ کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوان متاثرین نے چار ماہ قبل یورپ کا سفر شروع کیا تھا۔
مہاجرین کے حقوق کی تنظیم واکنگ بارڈرز نے بتایا کہ کشتی مغربی افریقہ سے اسپین جا رہی تھی۔ 2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہونے والی کشتی میں 86 افراد سوار تھے جن میں سے 66 پاکستانی تھے۔ صرف 36 مہاجرین کو بچایا گیا۔
الارم فون نامی ایک این جی او نے انکشاف کیا ہے کہ چھ روز قبل لاپتہ ہونے والی کشتی کی اطلاع متعلقہ ممالک کے حکام کو دے دی گئی تھی۔
مزید برآں، 12 جنوری کو اسپین کی میری ٹائم ریسکیو سروس کو الرٹ کیا گیا جس نے کہا کہ انہیں کشتی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔
واکنگ بارڈرز کی سی ای او ہیلینا مالینو نے ایکس پر بتایا کہ متاثرین میں 44 پاکستانی بھی شامل ہیں جنہوں نے 13 دن تک سمندر میں مصائب برداشت کیے لیکن کوئی بھی ان کی مدد کے لیے نہیں آیا۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نے کشتی حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ دونوں رہنماوں نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

















