03:15 , 24 اکتوبر 2025
Watch Live

بلوچستان: غیرت کے نام پر قتل کیس، مقتولہ کی والدہ نے سردار کو بے قصور قرار دیدیا

بلوچستان کے علاقے ڈگاری میں 19 جولائی کو غیرت کے نام پر قتل کیے گئے بانو اور احسان اللہ کیس میں نیا موڑ آ گیا۔ مقتولہ بانو کی والدہ کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے قتل کو قبائلی رسم و رواج کے مطابق "سزا” قرار دیتے ہوئے سردار شیر باز ساتکزئی کو بے قصور قرار دیا ہے۔

والدہ نے دعویٰ کیا کہ بانو نے قبیلے کے اصولوں کے خلاف قدم اٹھایا تھا، سزا جرگے کے فیصلے کے مطابق دی گئی اور سردار کا اس میں کوئی کردار نہیں۔ انہوں نے سردار اور دیگر گرفتار افراد کی رہائی کی اپیل کی۔

تاہم، سماجی رہنما فرزانہ باری نے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنگین جرم ہے، کہانیاں نہیں سنیں گے، سزا ہونی چاہیے۔

وکیل لیاقت گبول نے کہا کہ اگر ایسے مجرموں کو چھوڑا گیا تو مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنا ناممکن ہوگا۔

پولیس کے مطابق، بانو اور احسان اللہ کو دعوت کے بہانے بلا کر کھلے عام قتل کیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ پولیس نے 20 ملزمان کی نشاندہی کی، 13 گرفتار ہو چکے ہیں جن میں سردار شیر باز ساتکزئی اور بانو کا کزن شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قتل اور ظلم ہے، ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION