بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 مکمل، 216 دہشتگرد ہلاک، سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی

راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان میں جاری آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے دوران 216 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور اور ہرنائی میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتیجے میں دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا اور ان کا کمانڈ سسٹم تباہ کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کو اس کارروائی سے بڑا دھچکا لگا ہے، جبکہ دہشتگرد قیادت کو بھی مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کی بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا اور دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں غیر ملکی اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
فوج کے ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کو بیرونی سہولت کاری اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کیے جانے کے ٹھوس شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری شہید ہوئے جبکہ مادرِ وطن کے دفاع میں 22 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کیا جاتا ہے، قوم ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔














