بلوچستان میں طوفانی بارش اور ژالہ باری، الرٹ جاری

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
کوئٹہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش نے شہر کو پانی میں ڈبو دیا جبکہ چمن، قلعہ عبداللہ اور زیارت سمیت شمالی علاقوں میں شدید ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔
شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث زرعی شعبہ بھی متاثر ہوا ہے، سیب، خوبانی، چیری، بادام، انجیر، آلوچے اور انار کے باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
کراچی میں کل سے تیز ہواؤں، موسلادھار بارش اور ژالہ باری
ہرنائی، چمن، قلات اور سوراب سمیت کئی علاقوں میں سیلابی ریلے آنے سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔
تحصیل گلستان میں ایک مسافر گاڑی اور ایک ٹرک سیلابی پانی میں بہہ گئے تاہم 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ ہرنائی میں بھی کئی افراد نے گاڑی سے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔
بولان اور باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور مکان کی چھت گرنے کے واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، بھکر میں چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا، حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔














