چین کا دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعادہ، وزیر داخلہ اور چینی سفیر کی اہم ملاقات

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین ہر قسم کی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔
یہ بات انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں بلوچستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں کی مذمت کی گئی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا گیا۔
ملاقات میں انسدادِ دہشتگردی، داخلی سلامتی اور سکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ انٹیلی جنس شیئرنگ اور سائبر کرائمز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی منظم منصوبے کے تحت کی گئی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کر کے صورتحال پر قابو پایا۔
محسن نقوی نے چینی سفیر کو چینی شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر بریف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ تشکیل دیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔














