بلوچستان میں دہشتگردی قومی سلامتی پر کھلی جارحیت ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی ریاست کی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کھلی جارحیت کے مترادف ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنانا بدترین بربریت ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی پاکستانی قوم کے حوصلے اور عزم کو کمزور نہیں کر سکتی اور شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی صرف ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مشترکہ مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی اور واضح حکمت عملی ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی کمزوری، غفلت یا ابہام کی کوئی گنجائش نہیں اور ریاست پوری قوت کے ساتھ اس ناسور کا مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور ملک کے امن و استحکام کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ دو دنوں کے دوران کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 133 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جسے دہشتگردی کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔












