12:12 , 19 اکتوبر 2025
Watch Live

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی بینک کے صدر اجے بانگا سے ملاقات

محمد اورنگزیب اجے بانگا کی ملاقات

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کے صدر اجے بانگا سے آئی ایم ایف–عالمی بینک سالانہ اجلاسوں کے موقع پر واشنگٹن میں ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات، سیلابی بحالی اور ترقیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے وزیرِاعظم کی اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران اجے بانگا سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی بینک کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے عالمی بینک کے صدر کو حکومت کی جامع سیلابی ردِعمل حکمتِ عملی سے آگاہ کیا اور پوسٹ فلڈ ڈیمیج اسیسمنٹ کے بعد عالمی بینک کی بر وقت مدد پر اظہارِ تشکر کیا۔ وزیرِ خزانہ نے چھوٹے کاشتکاروں تک ٹیکنالوجی کے ذریعے رسائی بڑھانے اور زرعی شعبے میں پائیداری کے فروغ پر زور دیا۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کی ٹیرف پالیسی کی تیاری میں عالمی بینک کی تکنیکی معاونت کو سراہا اور بتایا کہ حال ہی میں ملک کے شراکتی فریم ورک (CPF) پر عملدرآمد کے لیے صوبوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتیں (MoUs) پر دستخط کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی بجٹ 2025-26، 10 جون کو پیش کیا جائے گا

انہوں نے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA) کے تحت اضافی معاونت کی درخواست کی اور گیس و پاور سیکٹر کی اصلاحات کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پائیدار ترقی اور توانائی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

دونوں رہنماؤں نے معاشی اصلاحات، موسمیاتی استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION